لائبریری میں شامل

لیکھنی کہانی -25-Oct-2023

پنکی کا ایوارڈ پنکی نام کی ایک چھوٹی سی گلہری کو شرطیں لگانے کا بہت شوق تھا۔وہ اکثر اپنے دوست ٹوٹو طوطے سے شرط لگاتی اور ہر بار ہار جاتی۔ہارنے کے بعد اُسے جرمانے کے طور پر اپنے پانچ پسندیدہ بیج ٹوٹو کو دینے پڑتے تھے۔اُس کے سب ہی دوستوں نے اُسے بار بار شرط لگانے سے منع کیا مگر پنکی نہ مانی اور ٹوٹو سے شرطیں لگاتی رہی اور ہارتی رہی۔ ٹوٹو طوطا ایک مرتبہ کانٹے دار جھاڑیوں میں پھنس گیا تھا جس سے اُس کے پنجے کا ایک ناخن ٹوٹ گیا تھا اور اُس کا پر بھی زخمی ہو گیا تھا۔اس کے بعد سے ٹوٹو کو ایک جگہ سے دوسری جگہ حرکت کرنے میں بہت مشکل پیش آتی تھی۔ دوسری جانب گلہریوں کا پورا گروپ پنکی گلہری کا خوب مذاق اُڑاتا تھا کیونکہ وہ ٹوٹو سے کبھی کوئی ایک شرط بھی نہیں جیت سکی تھی۔جنگل میں ہر وقت ہی شور و ہنگامہ برپا رہتا تھا کوئی نہ کوئی سرگرمی ہوتی رہتی تھی۔اسی دوران جنگل میں سب سے پیارے اور مہربان جانور کے سالانہ ایوارڈ کا اعلان ہوا جسے سُن کر سبھی جانور بہت خوش ہوئے۔جنگل کے ہر جانور کو یقین تھا کہ گزشتہ دو سال کی طرح اس سال کا یہ ایوارڈ بھی خوبصورت و سریلی آواز والی چڑیا کو ملے گا جو پورے جنگل میں اپنی آواز کی وجہ سے مشہور تھی اور وہ بڑی پیاری اور محبت کرنے والی بھی تھی۔جہاں کسی کو دُکھ یا پریشانی میں دیکھتی فوراً مدد کو پہنچ جاتی۔ پھر اس ایوارڈ کے فاتح کے نام کا اعلان ہوا تو سریلی چڑیا نے ایک بار پھر یہ ایوارڈ جیت لیا تھا۔سریلی چڑیا سٹیج پر پہنچی اور اُس نے اعلان کیا”میری نظر میں اس بار کا سب سے پیارے اور مہربان جانور کا ایوارڈ پنکی گلہری کو ملنا چاہیے۔“چڑیا کے اس اعلان نے سبھی کو حیران کر دیا۔شیر بادشاہ نے پوچھا ”وہ کیوں؟وجہ بھی بتاؤ“ ہم سب جانتے ہیں کہ ٹوٹو طوطا جب جھاڑیوں میں پھنس کر زخمی ہوا اور اُس کے پنجے کا ایک ناخن بھی ٹوٹا تو اُسے خوراک کیلئے مدد کی ضرورت پڑی۔اس موقع پر ہم میں سے کسی نے اُس کی مدد نہیں کی۔ہم نے یہ بھی دیکھا کہ پنکی گلہری اُس کے ساتھ شرط لگاتی اور ہر بار ہار جاتی ہے کیا کسی نے سوچا ہے وہ ایسا کیوں کرتی ہے؟ ”کیوں کرتی ہے؟“شیر کی رعب دار آواز گونجی۔وہ جان بوجھ کر ہارتی ہے تاکہ اپنے دوست طوطے کی مدد کر سکے اور اُسے خوراک فراہم کر سکے۔سریلی چڑیا نے جواب دیا۔ یہ سن کر جنگل کے سبھی جانوروں کی آنکھوں میں آنسو آ گئے۔اُنہوں نے مڑ کر دیکھا تو اُنہیں پنکی اور ٹوٹو ساتھ کھڑے دکھائی دیئے،دونوں بہت خوش تھے۔سریلی آواز والی چڑیا نے اعلان کیا،پنکی آؤ اور اپنا ایوارڈ وصول کرو کیونکہ اس سال کے ایوارڈ کی مستحق تم ہی ہو۔

   2
0 تبصرے